تلاش گمشدہ
ہم سے ”خلوص“ گم ہو گیا ہے۔ اس کی عمر کئی سو سال ہے۔ بڑھاپے کی وجہ سے کافی کمزور ہو گیا ہے۔
گھر میں موجود ”خودغرضی“ کے ساتھ ان بن ہو جانے پر ناراض ہو کر کہیں چلا گیا ہے۔
اُس کے بارے میں گمان ہے کہ انسانوں کے جنگل نے اسے نگل لیا ہے۔ اس کا چھوٹا لاڈلا بھائی ”اخوت“ اور بہن ”حب الوطنی“ سخت پریشان ہیں۔
اس کے دوست ”محبت“ اور ”مہربانی“ بھی اس کی تلاش میں نکلےہوۓ ہیں۔
اس کی عدم موجودگی میں اس کے دشمن ”شرپسند“ نے ”تعصب“ اور ”ہوس“ کے ساتھ مل کر تباہی مچا رکھی ہے۔
اس کی جڑواں بہن ”شرافت“ کا اس کے فراق کی وجہ سے انتقال ہو چکا ہے۔ ”شرافت“* کے غم میں ”حیا“ بھی چل بسی ہے.
اس کا بڑا بھائی ”انصاف“ اس کی جدائی میں رو رو کر اندھا ہو چکا ہے۔ اس کے والد محترم ”معاشرہ“ کو سخت فکر لاحق ہے۔
اس کی والدہ ”انسانیت“ شدید بیمار ہے۔ آخری بار اپنے جگرگوشہ ”خلوص“ کو دیکھنا چاہتی ہے۔
جس کوملے وہ اسے ”انسانوں“ کے پاس پہنچا دے ورنہ ”انسانیت“ دم توڑ دے گی۔ اگر وہ خود بھی پڑھے تو براۓ کرم واپس آ جائے اسے کچھ نہیں کہا جائے گا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں